صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نیوزی لینڈ کے تین دن کے سرکاری دورے پر آج آک لینڈ پہنچ رہی ہیں۔ وہ نیوزی لینڈ کے گورنر جنرل Dame Cindy Kiro کی دعوت پر یہ دورہ کر رہی ہیں۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو وہاں کے گورنر جنرل کے ساتھ باہمی میٹنگ کریں گی اور وزیراعظم Christopher Luxon سے ملاقات کریں گی۔
صدر جمہوریہ تعلیم سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب بھی کریں گی اور بھارتی برادری کے لوگوں اور فرینڈس آف انڈیا کے ساتھ گفتگو کریں گی۔ اُن کے اِس دورے سے بھارت-نیوزی لینڈ باہمی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو فجی کے دو دن کے سرکاری دورے کے بعد نیوزی لینڈ جارہی ہیں۔ وہ فجی کا دورہ کرنے والی بھارت کی پہلی صدر جمہوریہ ہیں۔
محترمہ دروپدی مرمو نے فجی کے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ میٹنگوں کے علاوہ وہاں رہنے والے بھارتی لوگوں سے گفتگو کی اور Nadi کے مقام پر سری شیو سبرامنیا مندر بھی گئیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے فجی کے دو دن کے دورے کو تاریخی نوعیت کا دورہ مانا جارہا ہے جس سے بھارت-فجی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ اپنے اِس دورے میں صدرجمہوریہ نے فجی کی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کو ترقی پذیر اور کم ترقی یافتہ ملکوں کی تشویش کو اجاگر کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ محترمہ دروپدی مرمو نے ایک استقبالیے میں بحرالکاہل کے خطے میں بیرون ملک آباد بھارتی شہریوں کے رول کی ستائش کی۔ اُن کے اِس دورے میں Suva کے مقام پر امراض قلب کیلئے مخصوص 100 بستروں والے اسپتال کے پروجیکٹ کیلئے اراضی الاٹ کرنے سے متعلق دستاویزات حوالے کی گئیں۔ یہ اسپتال گرانٹ کی شکل میں بھارت کی امداد سے تعمیر کیا جارہا ہے۔
اُن کا یہ دورہ ایسے وقت ہوا ہے کہ جب بھارت اور فجی کے سفارتی رابطوں کو 75 سال مکمل ہو رہے ہیں۔