صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے کَل نئی دلی میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو سے ملاقات کی۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اُن کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا۔ دونوں رہنماؤں نے، کثیر رخی بھارت مالدیپ باہمی تعلقات کا جائزہ لیا اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کے اپنے عہد کا اعادہ کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ مالدیپ، بھارت کی پڑوس پہلے اور ویژن SAGAR پالیسیوں کے تحت بھارت کا ایک قریبی اور اہم شراکت دار ہے۔
میٹنگ کے دوران جناب دھنکھڑ اور جناب معزّو نے اس بات سے اتفاق کیا کہ کَل اپنایا گیا ویژن دستاویز دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو گہرا کرنے کیلئے ایک فریم ورک کے طور پر کام کرے گا۔
مالدیپ کے صدر محمد معزو اور خاتون اول ساجدہ محمد آج تاج محل دیکھنے کیلئے آگرہ جائیں گے۔
آکاشوانی کے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ آگرہ ہوائی اڈے پر ان کے پہنچنے کے بعد جناب معزو اور ان کی اہلیہ کا استقبال، وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جگہ وزیر مملکت یوگیندر اپادھیائے کریں گے۔
آگرہ سرکل کے آثار قدیمہ کے ماہر راج کمار پٹیل نے بتایاہے کہ ان کے دورے کے دوران تاج محل عام لوگوں کیلئے دو گھنٹے کیلئے بند رہے گا۔