صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو آج راشٹرپتی بھون میں 2024 کے قومی کھیل ایوارڈس عطا کریں گی۔ شطرنج کے عالمی چمپئن ڈی گوکیش، پیرس اولمپک میں دو مرتبہ تمغہ جیتنے والی منوبھاکر، بھارتی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ اور پیرس پیرالمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پروین کمار کو میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ گزشتہ چار برسوں میں کھیل کے مختلف شعبوں میں شاندار اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو عطا کیے جاتے ہیں۔
ارجن ایوارڈ سے 32 کھلاڑیوں کو نوازا جائے گا۔ اِن کھلاڑیوں میں ایتھلیٹس جیوتی یرّاجی اور انّو رانی، مکّے باز نیتو اور سُویٹی، شطرنج کھلاڑی ونتیکا اگروال، ہاکی کھلاڑی Salima Tete، ابھیشیک سنجے، جرمن پریت سنگھ اور سُکھ جیت سنگھ، پیرا تیرانداز راکیش کمار، پیرا ایتھلیٹس پریتی پال، جیون جی دیپتی، اجیت سنگھ اور سچن کھلاڑی شامل ہیں۔ آزمودہ کار ایتھلیٹ سوچا سنگھ اور آزمودہ کار پیرا تیراک مُرلی کانت پیٹکر کو ارجن ایوارڈز لائف ٹائم سے نوازا جائے گا۔ پیرا نشانے بازی کوچ سبھاش رانا، نشانے بازی کوچ دیپالی دیش پانڈے، ہاکی کوچ سندیپ ساگوان، بیڈمنٹن کوچ ایس-مُرلی دھرن اور فٹبال کوچ Armando Agnelo Colaco کو دروناچاریہ ایوارڈز عطا کیے جائیں گے۔
چنڈی گڑھ یونیورسٹی کو کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی حامل یونیورسٹی کی حیثیت سے مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی سے نوازا جائے گا۔