صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج صبح اڈیشہ میں پوری کے مقدس شہر میں 12ویں صدی کے شری جگناتھ مندر کا دورہ کیا۔ انہوں نے مندر میں بھگوان جگناتھ، بھگوان بال بھدر اور دیوی سبھدرا کی پوجا ارچنا کی اور اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی اور دیگر معزز شخصیات کے ساتھ احاطہ کا دورہ کیا۔ صدر جمہوریہ نے پوری میں گوپ بندوھو آیوروید مہاودیالیہ کے 75 ویں جلسہ تقسیم اسناد میں بھی شرکت کی۔صدر جمہوریہ آج پوری میں ہیں اور وہ آج بھارتی بحریہ کی جانب سے منعقد بحریہ کے سالانہ دن کے موقع پر بلیو فلیگ بیچ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گی۔یہ دن 1971 کی جنگ کے دوران بحریہ کی فیصلہ کُن کارروائی Trident کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ان تقریبات میں 15 بحری جہاز، آبدوزیں اور 40 سے زیادہ طیارے کرتب دکھائیں گے، جس میں بحری کمانڈوز اور بھارتی بحریہ کا عملہ بھی حصہ لے گا۔ بحریہ کی صلاحیتوں اور بھارت کے سمندر سے متعلق مفادات کی حفاظت کیلئے خود کو وقف کردینے کو اجاگر کرنے کے مقصد سے اس تقریب میں MiG-29K اور Hawk جنگجو جیٹ طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے۔ MARCOS کی طرف سے جنگی مشقیں، آبدوز کی کارکردگی، زمین اور پانی پر اُترنے اور جنگی جہازوں سے راکٹ داغے جانے کی مشقیں پیش کی جائیں گی۔
Site Admin | December 4, 2024 2:39 PM