صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ ان نایاب سیاست دانوں میں سے ایک تھے، جنہوں نے تعلیم اور انتظامیہ دونوں شعبوں میں نہایت آسانی کے ساتھ اپنی منفرد شناخت قائم کی۔
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ایک ممتاز ماہر معاشیات قرار دیا، جنہوں نے بھارت کے اقتصادی منظرنامے کو بدل کر رکھ دیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت اپنے سب سے زیادہ ممتاز رہنماؤں میں سے ایک کے انتقال پر بیحد سوگوار ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں ڈاکٹر سنگھ کی بصیرت افروز خیالات اور وزیر اعظم کے طور پر اپنے دور حکومت میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے ان کی وسیع کوششوں کی بھی تعریف کی۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے RBI کے گورنر سے لے کر وزیر خزانہ اور وزیر اعظم تک ملک کی حکمرانی میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنے پیغام میں، مرکزی وزیر اور بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کی قیادت نے پارٹی سے قطع نظر تعریف اور احترام حاصل کیا اور ان کی وراثت ملک کی تعمیر کے لیے آئندہ نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی۔
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی وشنو نے ڈاکٹر سنگھ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کی قیادت، عاجزی اور لگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ملک ایک دور اندیش سیاستداں، غیر معمولی رہنما اور بے مثال ماہر معاشیات سے محروم ہو گیا ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نے بے پناہ دانشمندی اور دیانتداری کے ساتھ ملک کی قیادت کی۔ اپنے تعزیتی پیغام میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ڈاکٹر سنگھ کے انتقال کو ملک کی سیاست کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ ×