صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے منوبھاکر کو بھارت کے، تمغے جیتنے کے سلسلے کا آغاز کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے پیرس اولمپکس 2024 کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں یہ تمغہ حاصل کیا ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ پہلی بھارتی خاتون ہیں جنہوں نے نشانے بازی میں اولمپک تمغہ جیتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو منو بھاکر پر فخر ہے، کیونکہ اُن کی اِس جیت سے بہت سے کھلاڑیوں، خاص طور پر خواتین کو تحریک حاصل ہوگی۔ صدر جمہوریہ نے انھیں نیک خواہشات پیش کیں کہ وہ مستقبل میں اور زیادہ اونچائی پر پہنچیں گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج منو بھاکر سے فون پر بات کی اور انھیں تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی۔
اس سے پہلے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے کہا کہ یہ بھارت کیلئے ایک تاریخی تمغہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک شاندار کامیابی ہے اور یہ کامیابی اور بھی خاص ہوجاتی ہے کیونکہ بھارت کیلئے نشانے بازی میں وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے یہ تمغہ حاصل کیا ہے۔
Site Admin | July 28, 2024 9:53 PM