صحت کے مرکزی وزیر جے پی نڈّا نے آج ملک میں ڈینگو کی روک تھام کی غرض سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اپنی وزارت کے سینئر افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ نئی دلّی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب نڈّا نے کہا کہ اُن کی وزارت ڈینگو کی روک تھام اور بندوبست کے لیے اسکیمیں تیار کر رہی ہے۔ اسی طرح وزارت، ریاستوں کے ساتھ تال میل پر بھی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مطلع کیا کہ وزارتِ صحت 24 گھنٹے کام کرنے والی ڈینگو ہیلپ لائن شروع کرے گی۔ وزارت نے ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ بھی اگلے 4 سے 5 روز کے دوران اسی طرح کا ہیلپ لائن شروع کریں۔
وزیر موصوف نے مرکزی سرکار کے اسپتالوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ ڈینگو کے علاج کے لیے خصوصی وارڈ تیار کریں اور ریاستوں کے ساتھ مل کر اسکولوں کے لیے رہنما خطوط جاری کریں۔