شیو سینا اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے اعلان کیا ہے کہ اُن کی پارٹی مقامی بلدیاتی انتخابات اکیلے لڑے گی۔ اِن میں ممبئی میونسپل کارپوریشن، تھانے، پُونے اور ناگپور کے مقامی بلدیاتی انتخابات شامل ہیں۔ ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جناب راؤت نے واضح کیا کہ پارٹی کو اپنی طاقت کا پتہ لگانے کی ضرورت ہے اور پارٹی سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے اِن مقامات پر اکیلے انتخاب لڑنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کارکنوں کو موقع نہیں ملا، جس سے اُن میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی، میونسپل کارپوریشنوں، ضلع پریشدوں اور نگر پنچایتوں کے چناؤ اپنے دم پر لڑے گی تاکہ تنظیم کو مضبوط کیا جا سکے۔
تقسیم سے قبل، شیو سینا، بھارت کے سب سے دولت مند میونسپل ادارے، برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن پر سال 1997 سے 2022 تک لگاتار 25 سال تک قابض رہی۔ یہ بلدیاتی ادارہ مارچ 2022 میں اپنی مدّت ختم ہونے کے بعد سے ایڈمنسٹریٹر کے زیر نگرانی ہے، BMC کے انتخابات اس سال بعد میں ہونے کا امکان ہے۔×