شہرہئ آفاق طبلہ نواز ذاکر حسین کا کل رات امریکہ میں انتقال ہو گیا۔ وہ 73 سال کے تھے۔ اُن کے کنبے کے ذرائع نے بتایا کہ اُنہیں بلڈ پریشر کی بیماری کا سامنا تھا۔ اِس سے پہلے ذاکر حسین کو، دل کی بیماری کی وجہ سے، San Francisco کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
اُستاد ذاکر حسین 9 مارچ 1951 کو، ممبئی میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ طبلہ نوازی کی ایک مثالی شخصیت اُستاد اللہ کے سب سے بڑے بیٹے تھے اور اُنہیں بہت چھوٹی عمر سے ہی موسیقی سے گہرا لگاؤ تھا۔
اپنی 60 سال کی پیشہ ورانہ زندگی میں انہوں نے پانچ Grammy ایوارڈز حاصل کیے، جس میں اِس سال کے آغاز میں Grammy ایوارڈز کی 66 وِیں تقریب میں، اُن کو دیے گئے تین Grammy ایوارڈز شامل ہیں۔
انہوں نے کچھ فلموں میں اداکاری بھی کی، جن میں ”ساز“، “Heat and Dust” بھی شامل ہیں۔ اُن کی تازہ ترین فلم “Monkey Man”، 2024 میں ہی ریلیز ہوئی تھی۔
ذاکر حسین نے بھارت اور بین الاقوامی سطح کے بہت سے مشہور و معروف فنکاروں کے ساتھ اپنی طبلہ نوازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے Jazz کے ساتھ مل کر ہندوستانی کلاسیکل موسیقی بھی پیش کی، جو اپنے اندر ایک منفرد انداز کی موسیقی تھی اور لوگوں نے جسے پہلے کبھی نہیں سُنا تھا۔
ذاکر حسین کو 1988 میں پدم شری، 2002 میں پدم بھوشن اور 2023 میں پدم وِبھوشن سے نوازا گیا تھا۔×