خطے میں مغرب کی سمت سے ہونے والی تبدیلی کے پیش نظر شمالی بھارت میں جھلسا دینے والی گرمی سے کچھ راحت ملنے کا امکان ہے۔ بھارت کے محکمہ موسمیات IMD نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی بھارت کے کئی حصوں میں شدید گرمی کی صورتحال میں آج سے بتدریج کمی آئے گی۔
دلی، پنجاب اور اترپردیش سمیت شمالی بھارت کے کئی حصوں میں آئندہ کچھ دنوں میں شدید گرمی سے کچھ راحت ملنے کا امکان ہے کیونکہ اِس خطے میں شدید گرمی کی صورتحال میں آج سے بتدریج کچھ کمی ہوگی۔ IMD نے کہا ہے کہ اترپردیش کے کئی حصوں میں کَل تک اور پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دلی، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، جھارکھنڈ اور بہار میں آج تک شدید گرمی کا امکان ہے۔ جموں، شمالی ساحلی آندھراپردیش، شمالی مدھیہ پردیش اور شمالی راجستھان کے دور دراز کے علاقوں میں بھی آج شدید گرمی کا امکان ہے۔
موسمیات کے محکمے نے اترپردیش کے کچھ حصوں اور پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دلی کے کچھ دور دراز کے مقامات میں رات کے وقت بھی گرمی رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
اوڈیشہ اور بہار میں کل تک گرمی اور اُمس والا موسم رہنے کا امکان ہے۔ IMD نے ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، آسام، میگھالیہ اور اروناچل پردیش میں آج اور اِس کے بعد بھی شدید سے بہت شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
جنوب مغربی مانسون کے تعلق سے IMD نے کہا ہے کہ اگلے دو تین روز میں مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، ساحلی آندھرا پردیش، شمال مغربی خلیج بنگال اور مغربی بنگال کے گنگا کے کچھ میدانی علاقوں مانسون کے آنے کیلئے حالات سازگار ہیں۔