بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے آج ممبئی کے آزاد میدان میں ایک شاندار تقریب میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے جناب فڑنویس کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ جناب فڑنویس نے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، BJP کے قومی صدر جے پی نڈّا اور دو ہزار سے زیادہ دوسری اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ 40 ہزار حامیوں کی موجودگی میں حلف لیا۔
تمام قیاس آرائیوں کے درمیان شیوسینا کے سربراہ ایکناتھ شندے اور NCP کے سربراہ اجیت پوار نے نائب وزراءِ اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا۔ جناب فڑنویس نے تیسری بار وزیر اعلیٰ کے طور پر جبکہ جناب پوار نے چھٹی بار نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔مہاراشٹر کابینہ میں 43 وزراء ہوسکتے ہیں اور اگلے ہفتے تک وزراء اور وزراءِ مملکت کی حلف برداری کی تقریب ہوگی۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزراء نتن گڈکری اور پیوش گوئل کے ساتھ ساتھ NDA کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزراء اعلیٰ اور نائب وزراء اعلیٰ نے بھی اِس شاندار تقریب میں شرکت کی۔ سلمان خان اور مادھوری دکشت سمیت بالی ووڈ کی کئی اہم شخصیتوں کے ساتھ ساتھ صنعتکار، کمار منگلم برلا اور مکیش امبانی اور کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی سچن تیندولکر بھی اس تقریب میں موجود تھے۔
Site Admin | December 5, 2024 9:39 PM