سمندری طوفان Fengal نے پڈوچیری اور تمل ناڈو کے حصوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے، ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں اور سیلاب آئے ہیں۔ پڈوچیری میں بارش سے متعلق واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو اب بھی لاپتہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ این رنگاسامی نے اِس واقعے میں جان گنوانے والے خاندانوں میں سے ہر ایک کو پانچ لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔ سخت موسم کے باعث ہونے والی دشواریوں کو کم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں راشن کارڈ رکھنے والے ہر فرد کیلئے پانچ ہزار روپئے کی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔ راحت کی کارروائیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکار نے 551 افراد کو باہر نکالا ہے اور اُنھیں راحت کیمپوں میں پہنچایا ہے۔قدرتی آفات سے نمٹنے والی دو ٹیموں سمیت چار ہزار سے زیادہ عملے کے افراد کو بچاؤ اور بازیافت کی کارروائیوں کیلئے تعینات کیا ہے۔ پڈوچیری، کرائیکل اور یانم میں دس ہزار سے زیادہ ہیکٹر آراضی کی فصلیں برباد ہوگئی ہیں۔ سرکار نے متاثرہ کسانوں کو معاوضے کے طور پر 30 ہزار روپئے فی ہیکٹر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ مویشیوں کے زیاں اور املاک کو نقصان پہنچنے کیلئے معاوضہ دیا جائے گا۔ ایک ابتدائی رپورٹ میں نقصانات کا تخمینہ 100 کروڑ روپئے لگایا گیا ہے جسے مالی امداد حاصل کرنے کیلئے مرکزی سرکار کو بھیجا گیا ہے۔ تمل ناڈو میں آج بارش سے تعلق رکھنے والے واقعات میں ابھی تک کم سے کم 13 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے۔ اوسط سے شدید بارش، ریاست کے اندرونی اضلاع میں مسلسل ہو رہی ہے کیونکہ سمندری طوفان Fengal بحیرہئ عرب پہنچنے کیلئے آگے بڑھ رہا ہے۔Tiruvannamalai اور Villupuram میں آبی اداروں میں پانی طغیانی پر ہے کیونکہ بارش مسلسل جاری ہے۔
Site Admin | December 2, 2024 9:46 PM