ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

November 30, 2024 9:46 PM

printer

سمندری طوفان Fengal تمل ناڈو کے ساحلوں پر پہنچ گیا ہے، جس کی وجہ سے تمل ناڈو اور پڈوچیری کے ساحلی علاقوں میں معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے

جنوب مغربی خلیج بنگال سے اٹھنے والا سمندری طوفان Fengal آج شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے مہابلی پورم اور پڈوچیری کے درمیان ساحل تک پہنچنا شروع ہوگیا۔ محکمہئ موسمیات کے علاقائی سربراہ بالا چندرن کے مطابق سمندری طوفان کے ساحل تک مکمل طور پر پہنچنے میں چند گھنٹے لگ سکتے ہیں کیونکہ سمندری طوفان کی رفتار کم ہے۔ سمندری طوفان Fengal، ستّر سے اسّی کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ آج رات 90 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے جھکّڑ دار ہوائیں چل سکتی ہیں۔ INCOIS کے مطابق تمل ناڈو، پڈوچیری اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے اور اِن علاقوں سے متصل سمندر میں 3 سے 4 میٹر اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔ آئندہ 3 دسمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
شمالی تمل ناڈو کے ساحلی ضلعوں میں طوفان کے سبب ہونے والی بارش نے لوگوں کے معمول کی زندگی کو متاثر کیا ہے۔ کل صبح 4 بجے تک فضائی خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ریاستی سرکار کی بسوں کو ہوائی اڈے پر پھنسے ہوئے مسافروں کو لانے کیلئے لگایا گیا ہے۔ ریل پٹریوں پر پانی بھر جانے کے سبب مضافاتی ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ 10 سے زیادہ ریگولر ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے یا اِن ٹرینوں کو نزدیکی محفوظ ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔ جن علاقوں میں پانی بھر گیا تھا، وہاں سے پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ طور پر دو ہزار سے زیادہ کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ماہی گیری کی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ ضلع حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ حالات کی نگرانی کرتے رہیں اور فاضل پانی کی نکاسی کیلئے مناسب کارروائی کریں۔ سڑکیں آج خالی تھیں کیونکہ تمام دفاتر اور ادارے بند تھے۔
پڈوچیری میں سمندری طوفان Fengal کے سبب موسلا دھار بارش ہو رہی ہے اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے سبب معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے۔ تین گھنٹوں سے زیادہ تک ہوئی شدید بارش کی وجہ سے سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ مختلف علاقوں کی بجلی کی سپلائی منقطع ہونے کی بھی خبریں ہیں۔ ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران مچھلیاں پکڑنے کیلئے سمندر میں نہ جائیں۔ ضلع کلکٹر نے سنیما ہالوں میں دوپہر اور شام کے شوز منسوخ کر دیئے۔ لوگوں سے زور دے کر کہا گیا ہے کہ وہ بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ حکام حالات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں