الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے ڈجیٹل نجی ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق ضابطوں کا مسودہ جاری کردیا ہے، جس کا مقصد لوگوں کے نجی ڈیٹا کے تحفظ کیلئے، اُن کے حقوق کا دفاع کرنا ہے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈجیٹل نجی ڈیٹا کے تحفظ کیلئے ایک مضبوط نظام قائم کرنے کے سرکار کے عہد کے عین مطابق 2023 کے متعلقہ ایکٹ کو عملی جامہ پہنانے کی خاطر یہ ضابطے بنائے گئے ہیں۔ مختلف متعلقہ اداروں اور لوگوں سے حاصل جانکاری اور عالمی سطح پر بہترین طور طریقوں کے مطالعے کی بنیاد پر اِن ضابطوں کا مسودہ تیار کیا گیا ہے۔
وزارت نے قانون سازی کیلئے سب کی شمولیت کا رویہ اختیار کرنے کے سرکار کے عہد کے عین مطابق MyGov پلیٹ فارم کے ذریعے اگلے مہینے کی 18 تاریخ تک لوگوں اور متعلقہ اداروں سے ضابطوں کے مسودے کے بارے میں، اُن کی رائے طلب کی ہے۔
سرکار نے کہا ہے کہ یہ ضابطے تیزی کے ساتھ ترقی کرتی ہوئی ڈجیٹل معیشت میں شہریوں کو بااختیار بنانے کیلئے تیار کئے گئے ہیں۔ اِن کا مقصد ضابطوں اور اختراع کے درمیان صحیح توازن برقرار رکھتے ہوئے، متعلقہ ایکٹ کے مطابق شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ اِن ضابطوں میں ڈیٹا کے غیرمجاز کمرشل استعمال، ڈجیٹل نقصانات اور ذاتی ڈیٹا میں دخل اندازی جیسے مخصوص چیلنجوں پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ مذکورہ ضابطوں کے تحت شہریوں کو، اُن کے ڈیٹا پر اور زیادہ کنٹرول دیا گیا ہے۔
لوگوں کی شمولیت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، سرکار نے ایک جامع بیداری مہم کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔
اِن اقدامات کے ذریعے لوگوں کو نئے نظام کے تحت، اُن کے حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے گی۔ اِس طرح ڈیٹا سے متعلق ذمہ داری کا ایک کلچر بھی قائم ہوسکے گا۔