ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

June 27, 2024 2:42 PM

printer

سرکار نے حالیہ پیپر لیک معاملے کی چھان بین کرنے اور قصورواروں کو سزا دینے کا پختہ ارادہ کررکھا ہے: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں کشمیر کے عوام نے ریکارڈ تعداد میں ووٹ دے کر بھارت کے دشمنوں کو منھ توڑ جواب دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہاں ووٹنگ کا دسیوں سال سے چلا آرہا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گذشتہ چالیس سال میں کشمیر میں بند اور ہڑتال کی وجہ سے کم ووٹنگ ہوتی تھی اور ملک کے دشمن   بین الاقوامی اجتماعات میں اسے کشمیر کی رائے بتاکر پروپیگنڈہ کیا کرتے تھے۔ وادی کشمیر نے اس طرح کی سبھی قوتوں کو کرارا  جواب دیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ صرف یہی سرکار اُن کی امنگوں کو پورا کرسکتی ہے۔

صدر جمہوریہ نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس کے دوران سرکار پہلا عام بجٹ پیش کرے گی، جو ملک میں اصلاحات، مستقبل کے منصوبوں اور دور رس پالیسیوں کی ایک مؤثر دستاویز ہوگی۔ محترمہ مرمو نے مزید کہا کہ ملک دس سال کے دوران اقتصادی ترقی کے اعتبار سے گیارہویں مقام  سے اب پانچویں مقام پر آگیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں وبا اور تنازعات کے باوجود بھارت نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کی سرکار بھارت کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے کے لئے کام کررہی ہے۔

محترمہ مرمو نے اس طرف بھی توجہ دلائی کہ سرکار کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی سرکار کی اسکیموں سے محروم نہ رہے اور اُس نے پی ایم گرامین سڑک یوجنا کے تحت دیہی علاقوں میں تین لاکھ 80 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائی ہیں، تاکہ گاؤوں کو سڑکوں سے جوڑا جاسکے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ملک کے شمال مشرقی خطے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس سال کے دوران اس علاقے کے بہت سے مسئلوں کو حل کیا گیا ہے اور مرکز خطے میں دائمی امن کے لئے کام کررہا ہے۔ محترمہ مرمو نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ خطے میں تیزی سے ترقی کے بعد مرحلے وار طریقے پر مختلف علاقوں سے AFSPA ہٹایا جارہا ہے۔

پیپر لیک ہونے کا ذکر کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ سرکار نے اس معاملے کی چھان بین اور قصورواروں کو سزا دینے کا تہیہ کررکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرکار نے امتحانات کے دوران بے قاعدگیوں کے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون بھی بنایا ہے۔x

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں