مواصلات کے وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا نے کہا ہے کہ حکومت نے اگلے سال کے وسط تک ایک لاکھ 4G موبائل ٹاور نصب کرنے کا نشانہ طے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طے کئے گئے نشانے میں سے، اب تک 36 ہزار 574 4G موبائل ٹاورس نصب کئے جاچکے ہیں۔ جناب سندھیا نے یہ بات نریندر مودی حکومت کی تیسری مدتِ کار کے پہلے 100 دن کے دوران کی گئی اپنی وزارت کی حصولیابیوں کے بارے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ جناب سندھیا نے مزید کہا کہ بھارت، دنیا بھر میں تیزی کے ساتھ 5G خدمات فراہم کرنے والا ملک بن گیا ہے اور ملک بھر میں تقریباً ساڑھے چار لاکھ 5G Base Transceiver Statiions قائم کئے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی ملک کے تقریباً سبھی ضلعوں میں پہنچ گئی ہے اور 4G نیٹ ورک کے تحت اب تک 97 فیصد سے زیادہ شہری علاقوں اور 80 فیصد آبادی کا احاطہ کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، دنیا میں چھٹا ایسا ملک بن گیا ہے، جس نے 4G Stack کی اپنی خود کی تیاری کی ہے اور ایک ٹریک ریکارڈ بنایا ہے۔
مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ فی الحال موبائل کنکشن کی تعداد بڑھ کر 117 کروڑ ہوگئی ہے، جو دس سال پہلے محض 90 کروڑ تھی۔ بھارت، عالمی سطح پر ایک سرکردہ ٹیلی کام مارکیٹ کے طور پر ابھرا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ کنکٹی ویٹی میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب اس کی رسائی 25 کروڑ سے تقریباً 95 کروڑ افراد تک ہوگئی ہے۔
جناب سندھیا نے مزید کہا کہ نریندر مودی حکومت نے ملک بھر کے سبھی شہریوں کیلئے کنکٹی ویٹی کو ترجیح دی ہے اور ٹیلی مواصلات کے محکمے کے ذریعے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اِس کنکٹی ویٹی کے سلسلے کو برقرار رکھنا نہایت اہم ہے تاکہ ملک بھر میں سب کی شمولیت والی ترقی اور فروغ کو پروان چڑھایا جاسکے۔
ڈاک کے محکمے کی حصولیابیوں کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مرکزی وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا نے کہا کہ ڈاک کے محکمے نے 100 دن کے اپنے عملی منصوبے کے حصے کے طور پر ایک اہم سنگِ میل حاصل کیا ہے، جس کا مقصد خدمات کی فراہمی کو وسعت دینا اور لوگوں کے فائدے کی خاطر موثر کام کاج کو بڑھاوا دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاک چوپال پہل نے اپنی کامیابی کو ثابت کردیا ہے کیونکہ 15 ہزار سے زیادہ اِس طرح کی چوپالیں ملک گیر سطح پر منعقد کی گئی ہیں۔ انہوں نے مطلع کیا کہ یہ چوپالیں دیہی سطح پر براہ راست اہم سرکاری خدمات کی سہولت فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈاک گھر نریات کیندر پہل کے تحت محکمے نے تین ہزار 400 سے زیادہ نئے برآمدکاروں کو شامل کیا ہے تاکہ دیہی اور چھوٹے سطح کے برآمد کاروں کو مدد فراہم کی جاسکے۔ اس پروگرام نے، جو ”ایک ضلع – ایک اشیاء“ پہل کے ساتھ مربوط ہے، مارکیٹ معلومات، دستاویزی مدد اور بغیر کاغذ کے کسٹم کلیئرنس جیسی خدمات برآمدکاروں کو فراہم کی ہیں۔
Site Admin | September 23, 2024 9:58 PM