صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایک ایسے مساویانہ ڈیجیٹل ماحول کی یقین دہانی کی اہمیت پر زور دیا ہے، جس میں سبھی کے حقوق اور وقار کا تحفظ ہو۔ نئی دلی میں آج انسانی حقوق کے قومی دن کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، جس کا اہتمام، انسانی حقوق کے قومی کمیشن نے کیا تھا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ سائبر جرائم اور آب وہوا میں تبدیلی، انسانی حقوق کو درپیش نئے خطرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور، ایک یکسر تبدیلی والا دور ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سائبر خطرات، ڈیپ فیک، پرائیویسی سے متعلق تشویش اور گمراہ کن معلومات کے مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں۔
صدر مرمو نے کہا کہ بھارت، غربت دور کرنے، بھکمری کا خاتمہ کرنے اور نوجوانوں کو برابر کے موقع فراہم کرنے کی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے، پوری دنیا کے سامنے ایک درخشاں مثال کے طور پر موجود ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت، پانچ ہزار سال سے اپنی تہذیبی وراثت کے ساتھ ساتھ ہمدردی، دردمندی، اور افراد کے آپسی ربط ضبط کو ہم آہنگی پر مبنی ایک سماج کے طور پر جاری وساری رکھے ہوئے ہے۔