ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے تہواروں کے سلسلے کے دوران مسافروں کی سہولتوں اور سفر سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کَل شام نئی دلّی ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے پلیٹ فارموں پر، ریل گاڑیوں کا انتظار کرتے ہوئے مسافروں سے بات چیت کی۔ کچھ مسافروں نے بتایاکہ بھیڑ بھاڑ سے نمٹنے کے مناسب انتظامات کی وجہ سے پلیٹ فارموں پر پہنچنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔
جناب ویشنو نے ریلوے حفاظتی فورس RPF اور ریل افسران کی طرف سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔
وزیر موصوف نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے خوشگوار سفر کیلئے ریلوے افسران کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ جناب ویشنو نے اسٹیشن پر نظم و ضبط برقرار رکھنے میں تعاون دینے پر مسافروں کی بھی ستائش کی۔
جناب ویشنو کے مطابق پچھلے سال بھارتی ریلویز نے دیوالی اور چھٹ پوجا کے دوران چار ہزار پانچ سو سے زیادہ ریل گاڑیاں چلائی تھیں۔ البتہ اِس سال اِن خصوصی ریل گاڑیوں کی تعداد بڑھاکر 7 ہزار 435 کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 31 اکتوبر تک اِن خصوصی ریل گاڑیوں میں 51 لاکھ لوگوں نے سفر کیا ہے۔