بھارتی ریلویز پریاگ راج میں کَل ہونے والے ماگھی پورنیما اسنان سے قبل یاتریوں اور سیاحوں کے لیے خصوصی انتظامات کے تحت جنگی پیمانے پر کام کر رہی ہے۔ریلویز کے وزیر اشونی ویشنو نے کَل پریاگ راج ریلوے اسٹیشن پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ جائزے کے دوران جناب ویشنو نے بھیڑ بھاڑ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور سینئر اہلکاروں کے ہمراہ ریلویز کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا۔دلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جناب ویشنو نے کہا کہ حکومت نے مہاکمبھ کے لئے شہر میں آٹھ ریلوے اسٹیشنوں پر وسیع تر بندوبست کئے ہیں۔
جناب ویشنو نے کہا کہ مرکز، اترپردیش حکومت کے ساتھ قریبی تال میل سے عقیدت مندوں کیلئے ریلوے اسٹیشن پر ہر ممکن انتظام کرنے میں لگی ہے۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور CEO ستیش کمار نے واضح کیا کہ صرف پریاگ راج سنگم اسٹیشن جمعہ کے روز تک مسافروں کیلئے بند رہے گا، جو کہ معمول کے مطابق طریقہ کار کا حصہ ہے۔ پریاگ راج جنکشن سمیت پریاگ راج علاقے کے سبھی 8 ریلوے اسٹیشن پوری طرح کام کررہے ہیں۔ اس دوران مہا کمبھ میں کسی طرح کی غلط معلومات سے بچنے کیلئے ریلوے زون مسافروں کو خدمات سے متعلق تفصیلات فراہم کررہے ہیں۔
ریلوے بورڈ کے تعلقات عامہ کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر دلیپ کمار نے بتایا کہ سنگم علاقے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر 13 ہزار سے زیادہ ریلوے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ چوکسی میں اضافے کے مقصد سے چہرے کی پہچان اور مصنوعی ذہانت جیسی ٹیکنالوجی سے اراستہ CCTV بھی استعمال کئے جارہے ہیں۔ وہیں وسطی ریلوے کے CPRO سوپنل نِلا نے بتایا کہ وسطی ریلوے، کمبھ میلے میں شرکت کے خواہشمند مسافروں کیلئے کئی خصوصی ٹرینیں چلارہی ہے۔ریلوے کی وزارت نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تازہ ترین جانکاری حاصل کرنے اور کسی طرح کی غلط معلومات سے بچنے کیلئے ریلوے کے مستند ذرائع اور سوشل میڈیا ہینڈلس کا استعمال کریں۔×