روشنیوں کا تہوار دیوالی آج ملک بھر میں روایتی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت یہ تہوار، گھروں، مندروں اور دیگر عوامی مقامات کو روشن کرکے منایا جاتا ہے۔ اِس موقع پر لوگ دھن کی دیوی لکشمی کی بھی پوجا کرتے ہیں۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ اور وزیراعظم نریند مودی نے ملک کے شہریوں کو دیوالی کی مبارکباد دی ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ قومی راجدھانی دلّی میں مندروں، گھروں اور بہت سے بازاروں کو جگمگاتی روشنیوں اور دِیوں سے سجایا گیا ہے۔
دلّی میں لوگوں نے اپنے گھروں میں ماں لکشمی کے خیرمقدم کیلئے رنگ برنگی رنگولیاں اور دِیوں سے سجاوٹ کی ہے۔ لاجپت نگر، قرول باغ، کناٹ پلیس، چاندنی چوک، INA اور سروجنی نگر مارکیٹ جیسے بازار، رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا رہے ہیں۔ لوگ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ تہوار منا رہے ہیں۔ وہیں متعدد ایجنسیاں جن میں فائر محکمہ، پولیس اور اسپتال کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ AIIMS، ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اور صفدر جنگ اسپتال جیسے شہر کے بڑے اسپتال میں تہوار کے دوران آگ سے جھلسنے والے معاملوں سے نمٹنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے دلّی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتُل گرگ نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔
شہر میں بگڑتے ہوئے ہوا کے معیار کے پیش نظر ہر قسم کے پٹاخوں کی فروخت اور ذخیرہ کرنے پر اگلے سال یکم جنوری تک پابندی عائد ہے۔
دیوالی کے تہوار کے موقع پر بہار میں مختلف مندروں، مشہور عمارتوں اور گھروں پر روشنیاں جگمگا رہی ہیں۔ ریاست کے مختلف مقامات پر دیپ اُتسو کے خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
وہیں آسام میں بھی دیوالی اور کالی پوجا کو ریاست بھر میں پورے مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔لوگوں نے اپنے گھروں، دفتروں اور کاروباری مقامات کو پھولوں اور روشنیوں سے سجایا ہے۔
گواہاٹی سمیت بہت سے مقامات پر آج کالی پوجا بھی منائی جارہی ہے۔ متعدد ضلع انتظامیہ نے کَل کیلئے مقامی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو دیوالی کی مبارکباد دی ہے۔ وہیں نورتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے دیوالی اور چھٹ پوجا کے موقع پر مسافروں کیلئے 52 خصوصی ٹرینیں چلا رہی ہے۔
کرناٹک بھی تہوار کے جذبے سے سرشار ہے کیونکہ لوگ خوشی اور عقیدت کے ساتھ آج دیوالی منارہے ہیں۔ ریاست کے شہروں جیسے بنگلورو، میسور اور ہبلی میں گھروں اور سڑکوں کو روشنی اور مٹی کے دِیے سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ بہت سے کنبے ایک ساتھ مل کر پوجا کررہے ہیں اور مٹھائیاں اور تحائف تقسیم کررہے ہیں۔
Site Admin | October 31, 2024 9:40 PM