وزیراعظم نریندرمودی نے کہاہے کہ سرکردہ صنعت کار اور غریب نواز شخصیت رتن ٹاٹا کی زندگی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ سچی قیادت کی پیمائش، محض کسی کی حصولیابیوں سے نہیں کی جاسکتی بلکہ، سب سے زیادہ کمزورطبقے کی دیکھ بھال کی، اُس کی اہلیت سے کی جاتی ہے۔
ایک قومی روزنامے OpEd میں جناب مودی نے کہا کہ رتن ٹاٹا کو، اِس دارفانی سے رخصت ہوئے ایک مہینہ گزر گیاہے، لیکن سماج کے ہرطبقے میں اُن سے محروم ہوجانے کا گہرا احساس، نہ صرف ملک بھر میں بلکہ پوری دنیا میں پایا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رتن ٹاٹا اُن زندگیوں میں زندہ ہیں جو اُن سے متاثر رہیں اور اُن خوابوں میں زندہ ہیں جن کی انہوں نے پرورش کی۔انہوں نے کہا کہ عمدہ صنعت کاروں، ابھرتے ہوئے کاروباری افراد اور محنت کش پیشہ ور افراد کو اُن کے انتقال پر گہرا افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ رتن ٹاٹا، نوجوانوں کیلئے ایک تحریک ہیں اور اُن کی شخصیت ایک یاد داشت ہے کہ خواب، حقیقت میں بدلنے کیلئے ہوتے ہیں اور کامیابی، ہمدردی اور عاجزی کے ساتھ اپنا وجود رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے خاص طور پر کہا کہ حالیہ برسوں میں رتن ٹاٹا، ملک کے اسٹارٹ اپ ایکو نظام کے گرو کے طور پر جانے جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اِس سرکردہ صنعت کار شخصیت نے نوجوان کاروباریوں کی امیدوں اور امنگوں کو سمجھ لیاتھا اور اُن کی اِن صلاحیتوں کو پہچان لیاتھا کہ وہ ملک کے مستقبل کی تشکیل کرسکتے ہیں۔×