راشٹرپتی بھون، ایسی کچھ خاص چیزوں کی، جو مختلف موقعوں پر صدرِ جمہوریہ اور سابق صدور کو، تحفے کے طور پر پیش کی گئی تھیں، نیلامی کرے گا۔ یہ نیلامی ای۔اُپہار نام کے آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جائے گی۔ اِس پورٹل کا آغاز صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے عہدے کے دو سال پورے ہونے کے موقعے پر کیا تھا۔
پہلے مرحلے میں تقریباً 250 اعلیٰ درجے کے تحفوں کی نیلامی کی جائے گی جس کے لیے اگلے مہینے کی 5 سے 26 تاریخ تک بولی لگائی جا سکے گی۔ بولی لگانے کی مدت ختم ہونے کے بعد یہ چیزیں اُن لوگوں کو سونپ دی جائیں گی جنھوں نے سب سے زیادہ بولی لگائی ہوگی۔ دلچسپی رکھنے والے افراد اپنی بولیاں اِس پورٹل پر لگا سکتے ہیں۔
upahaar.rashtrapatibhavan.gov.in
اِس قدم کا مقصد شہریوں کو نہ صرف حکومت کی سرگرمیوں میں اور زیادہ شامل کرنا ہے بلکہ کسی اعلیٰ مقصد میں مدد بھی کرنا ہے۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقوم، ضرورتمند بچوں کی مدد کے لیے عطیے میں دی جائے گی۔ نیلام کیے جانے والے تحفے، عوام دیکھ سکیں، اِس کے لیے انھیں راشٹرپتی بھون کے میوزیم میں رکھا جائے گا۔
اِن تحفوں میں دلچسپی رکھنے والے افراد اِس پورٹل کے ذریعے میوزیم کے ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
visit.rashtrapatibhavan.gov.in
یہ تحفے منگل سے اتوار تک صبح ساڑھے نو بجے سے سہ پہر پانچ بجے تک دیکھے جا سکتے ہیں۔x