راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے دلّی ہائیکورٹ کے جج جسٹس یشونت ورما کی رہائش گاہ میں آگ لگنے کے بعد نقدی برآمد ہونے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے کے سلسلے کو ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ جناب دھنکھڑ نے آج ایوان کے لیڈر جے پی نڈّا اور اپوزیشن کے لیڈر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ پارلیمنٹ ہائوس میں اس معاملے پر ایک میٹنگ کی۔
چیئرمین نے، بھارت کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کے ذریعے اِس معاملے میں فوری کارروائی کرنے کی ستائش کی۔ جناب دھنکھڑ نے کہا کہ وہ اِس ضمن میں ملکارجن کھڑگے اور جے پی نڈا کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے مطابق مطلع کریں گے۔انھوں نے کہا کہ وہ ریاستوں کی کونسل میں ایوان کے لیڈروں کو اِس معاملے پر غور کرنے کیلئے دعوت نامہ بھیجیں گے۔ اسی دوران، دلّی ہائیکورٹ نے، جسٹس یشونت ورما کو فوری طور سے عدالتی کام کاج کرنے سے روک دیا ہے۔ جسٹس ورما نے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔