راجیہ سبھا میں آج بھارت کے آئین کے 75 سال کے شاندار سفر پر ایک خصوصی مباحثہ شروع ہوا۔ بحث کا آغاز کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر کانگریس کو نشانہ بنایا اور کہا کہ بغیر کسی وجہ کے ایمرجنسی کے دوران لوک سبھا کی مدت میں توسیع کی گئی اور توسیع شدہ مدت کے دوران پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ محترمہ سیتارمن نے کہا کہ بھارت کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کرنے کا یہی وقت ہے، جو اِس مقدس دستاویز کی روح کو سربلند رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے یہ دکھا دیا ہے کہ ملک کا آئین ہمیشہ سے مضبوط ہے اور وقت کی کسوٹی پر کھرا اترا ہے۔
محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ BJP ہمیشہ سے ہی خواتین کی بہبود اور خواتین کے ریزرویشن کے تئیں عہد بستہ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاندار اکثریت ہونے کے باوجود اُس وقت کی راجیو گاندھی حکومت خواتین کا ریزرویشن بل نہیں لائی لیکن اُن کی حکومت نے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کو کوٹہ فراہم کرنے کیلئے ایک قانون کو منظوری دی ہے۔ محترمہ سیتارمن نے کہا کہ BJP حکومت آئین کے تحفظ کے تئیں عہد بستہ ہے۔ محترمہ سیتا رمن نے مختلف سیکٹروں میں نریندر مودی حکومت کی حصولیابیوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ کانگریس نے غریبی ہٹاؤ کے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا ہے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے، ایوان میں اپوزیشن کے رہنما ملک ارجن کھڑگے نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ آئین کو کمزور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس ہی ہے، جس نے بالغوں کو ووٹ ڈالنے کے عالمی حقوق دیئے ہیں۔
لوک سبھا نے 2024-25کیلئے ضمنی مطالباتِ زر کے پہلی قسط پر تبادلہ خیال کیا۔ سرکار نے 87 ہزار 762 کروڑ روپئے کے اضافے خرچ کیلئے پارلیمنٹ کی منظوری مانگی ہے۔
Site Admin | December 16, 2024 9:48 PM