راجیہ سبھا میں آج وقفہ صفر اور سوالات کے وقفے کو معطل کرتے ہوئے بھارت کے آئین کے باوقار 75 سال کے موقع پر ایک خصوصی بحث شروع کی گئی۔ بحث کا آغاز کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آزادی اظہار اور آئین کی حفاظت کے معاملے پر اپوزیشن پر حملہ بولا۔ محترمہ سیتارمن نے الزام لگایا کہ کانگریس، جمہوریت کو مضبوط کرنے کے بجائے ایک مخصوص کنبے کی مدد اور اقتدار میں کچھ لوگوں کو بچانے کیلئے بے شرمی کے ساتھ آئین میں تبدیلی کرتی رہی ہے۔ انہوں نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر کانگریس کو نشانہ بنایا اور کہا کہ بغیر کسی وجہ کے ایمرجنسی کے دوران لوک سبھا کی مدت میں توسیع کی گئی اور توسیع شدہ مدت کے دوران پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیا گیا۔
محترمہ سیتارمن نے زور دے کر کہا کہ BJP کی سرکار آئین کے تحفظ کیلئے پابند عہد ہے۔ محترمہ سیتارمن نے مختلف شعبوں میں نریندر مودی حکومت کی حصولیابیوں کو گنایا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ کانگریس غریبی ہٹاؤ کے اپنے وعدے پر پوری نہیں اُتری۔ ایوان میں اپوزیشن کے لیڈر ملکا ارجن کھڑگے نے حکومت پر آئین کو کمزور کرنے کا الزام لگایا۔ ×