راجستھان کے بھانکروٹا علاقے میں آج ایک گیس ٹینکر میں آگ لگنے کے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے اور30 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ حادثہ آج صبح تقریباً 6 بجے پیش آیا جب اجمیر ہائی وے پر رِنگ روڈ کے قریب دو گیس ٹینکروں میں ٹکر ہو گئی، جس کے بعد ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں 40 گاڑیاں تباہ ہو گئیں، جن میں 29 ٹرک اور 2 سلیپر بسیں شامل ہیں۔4 افراد موقع پر ہی جل کر ہلاک ہو گئے، جبکہ تین دیگر افراد کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔
حادثے میں زخمی ہوئے افراد کا علاج SMS اسپتال میں جاری ہے، جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ بھجن لال شرما فوری طور پر اسپتال پہنچے اور انھوں نے زخمیوں کی عیادت کی۔ اِس کے بعد وہ حادثے کی جگہ پر پہنچے اور پوری صورتحال کا جائزہ لیا۔ ضلع انتظامیہ اور جے پور پولیس کی جانب سے زخمیوں کے اہل خانہ کی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں۔
وزیرداخلہ امت شاہ نے بھی کہا ہے کہ یہ حادثہ بے حد دردناک تھا اور انھوں نے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے اور دیگر نے بھی اِس حادثے پراظہار افسوس کیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کیلئے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندرمودی نے جے پور گیس ٹینکر میں آگ لگنے کے حادثے میں جانیں گنوانے والے خاندانوں سے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں صدرجمہوریہ نے کہا کہ یہ خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ صدر مرمو نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انہیں اس خبر سے بے حد تکلیف ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کی مدد کررہی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔x