دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت، اِس سال گاؤوں کو غریبی سے پاک کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔ جناب چوہان نے یہ بات وزارت کی مختلف اسکیموں سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ میں کہی۔ یہ میٹنگ نئی دلّی میں کل، سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دیہی ترقی کے وزیروں کے ساتھ کی گئی تھی۔
وزیر موصوف نے ملک کی تعمیر میں گاؤوں کے رول کو اُجاگر کیا، جس سے بھارت، دنیا کے لیے ایک مثالی ملک بن جائے گا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ دیہی ترقی کی وزارت، عام لوگوں کے لیے ایک امید ہے اور ایک وسیلہ ہے، جس سے اُن کے خواب پورے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اِن اسکیموں سے گاؤوں کی ترقی کے تئیں مرکزی حکومت کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
جناب چوہان نے بتایا کہ پچھلے سال جون سے اب تک MG نریگا کے تحت، کام کے 136 کروڑ دن تخلیق کیے جا چکے ہیں، جس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں تقریباً 54 لاکھ 83 ہزار کام پورے ہو چکے ہیں۔ مرکزی حکومت نے بھی ریاستی سرکاروں کو کُل 50 ہزار 467 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ پچھلے 10 سال کے دوران ہاؤسنگ اسکیم کے تحت دیہی علاقوں میں 3 کروڑ 45 لاکھ مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئے کنبوں اور اُنہیں اِن اسکیموں سے منسلک کرنے کے لیے، اُن کی شناخت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔