دلی کے لیفٹیننٹ گورنر وِنئے کمار سکسینہ نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال کے اس الزام کو مسترد کردیا ہے کہ دلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی DDA کی حالیہ میٹنگ کے دوران شکور بستی علاقے کے زمین کے استعمال کے تعلق سے تبدیلی کی گئی ہے۔ انھوں نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ DDA نے نہ تو اس کالونی کے زمین کے استعمال کے تعلق سے کوئی تبدیلی کی ہے اور نہ ہی وہاں سے لوگوں کو ہٹانے یا انہدام کا کوئی نوٹس جاری کیا ہے۔ جناب سکسینہ نے یہ بھی کہا کہ DDA کی میٹنگ کے دوران عام آدمی پارٹی کے دو ارکان اسمبلی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر دانستہ طور پر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ جناب سکسینہ نے جناب کجریوال پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے بیان دینا بند کردیں۔ ایسا نہ کرنے پر DDA اُن کے خلاف کارروائی کرے گی۔ ادھر BJP نے بھی اس معاملے پر جناب کجریوال پر سوال اٹھایا ہے۔ پارٹی کے لیڈر ہریش کھورانہ نے جناب کجریوال اور اُن کی پارٹی کے لیڈروں پر یہ الزام لگایا ہے کہ افواہیں پھیلانا اُن کی عادت بن گئی ہے اور اب اسے بے نقاب کیا جارہا ہے۔ انھوں نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر سے یہ بھی کہا کہ وہ اس معاملے پر عوام سے معافی مانگیں۔
Site Admin | January 13, 2025 3:27 PM