ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

February 5, 2025 2:59 PM

printer

دلی میں 70 اسمبلی ممبروں کو منتخب کرنے کیلئے ووٹنگ جاری، دوپہر ایک بجے تک 33 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، بھارت کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ، مرکزی وزراء ڈاکٹر ایس جے شنکر اور ہردیپ سنگھ پوری، کانگریس کے سینئر رہنما  راہل گاندھی، دلّی کے لیفٹنینٹ گورنر ونے کمار سکسینہ، دلّی کی وزیراعلی آتشی اور دفاعی عملے کے سربراہ جنرل اوپیندر دیویدی، دلّی اسمبلی انتخابات کیلئے پہلے ووٹ ڈالنے والوں شامل تھے۔ اعلیٰ انتخابی کمشنر راجیو کمار، انتخابی کمشنرز ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو اور گیانیش کمار، وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا، دلّی پولیس کے کمشنر سنجیو اروڑا، نئی دلّی اسمبلی حلقے سے کانگریس امیدوار سندیپ دیکشت، دلّی BJP کے صدر وریندر سچدیوا، جنگ پورہ حلقے سے عامی آدمی پارٹی کے امیدوار منیش سسودیا اور دیگر نے بھی قومی راجدھانی کے مختلف پولنگ مراکز میں آج صبح اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

 دلّی میں سخت سکیورٹی کے درمیان تمام 70 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ کُل 699 امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ قومی راجدھانی میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ 70 اسمبلی حلقوں میں 13 ہزار 700 سے زیادہ پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 70 پولنگ مراکز کا مکمل انتظام وانصرام خواتین کر رہی ہیں، جبکہ 70 پولنگ مراکز کا انتظام دویانگ جَن سنبھال رہے ہیں۔ چناؤ کمیشن نے خوش اسلوبی کے ساتھ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ پولنگ عملے کو تعینات کیا ہے۔ خوش اسلوبی کے ساتھ پولنگ کو یقینی بنانے کیلئے تمام پولنگ مراکز میں ووٹروں کیلئے بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ان سہولتوں میں ریمپ، وہیل چیئرس، طبی ٹیمیں اور بچوں کی نگہداشت کے مراکز شامل ہیں۔

 آج جن اہم امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہوگا، اُن میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال، دلّی کی وزیراعلیٰ آتشی، دلّی سرکار کے وزیر گوپال رائے، BJP کے وجیندر گپتا، پرویش ورما، رمیش بدھوڑی اور کیلاش گہلوت شامل ہیں۔ کانگریس کے رہنما سندیپ دیکشت، ہارون یوسف اور الکالامبا بھی چناؤ میدان میں ہیں۔ دلّی اسمبلی چناؤ میں دوپہر ایک بجے تک تقریباً 33 فیصد سے زیادہ پولنگ درج کی گئی تھی۔

نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے آج کہا کہ ووٹنگ جمہوریت کیلئے بنیاد اور آکسیجن فراہم کرنے والا ہے۔ نئی دلّی میں نارتھ ایونیو پولنگ بوتھ پر دلّی اسمبلی چناؤ کیلئے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جناب دھنکھڑ نے کہا کہ ووٹ ڈالنا تمام حقوق کی بنیاد ہے۔ اس حق سے بڑا کوئی حق نہیں ہوسکتا۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت، دنیا بھر میں سب سے پرانی اور سب سے درخشاں جمہوریت ہے، جہاں صرف ووٹنگ کے ذریعہ اقتدار میں تبدیلی آتی ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے انتخابی کمیشن کے انتظامات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے تمام ووٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا ضرور استعمال کریں۔

اعلیٰ چناؤ کمشنر راجیو کمار نے آج خوش اسلوبی سے دلّی اسمبلی چناؤ کے انعقاد کیلئے مصروفِ عمل پولنگ افسران، سکیورٹی فورسز اور دیگر افراد کی ستائش کی ہے۔ دلّی کے نیو موتی باغ علاقے میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اعلیٰ چناؤ کمشنر نے کہا کہ تمام ریٹرننگ آفیسرز اور DCPs کی سخت محنت سے دلّی میں پچھلے ایک مہینے کے دوران 12 ہزار سے 13 ہزار ریلیاں پرامن طریقے سے منعقد کی گئیں۔ جناب کمار نے بتایا کہ کمیشن نے برابری کا میدان فراہم کرنے اور منصفانہ چناؤ کو یقینی بنانے کیلئے سخت احکامات جاری کئے ہیں۔

آج ہی تمل ناڈو میں Erode-East اسمبلی سیٹ کیلئے اور اترپردیش میں ملکی پور اسمبلی سیٹ کے لیے بھی ضمنی چناؤ میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ دن میں گیارہ بجے تک Erode-East میں 26 فیصد سے زیادہ جبکہ ملکی پور میں لگ بھگ 30 فیصد ووٹ ڈالے جاچکے تھے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں