دلی اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے سینئر رہنما روڈ شو، گھر گھر جاکر رابطہ قائم کرنے کی مہم اور عوامی جلسوں کے ذریعہ اپنے امیدواروں کے حق میں حمایت حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج جنگ پورہ میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں جناب شاہ نے الزام لگایا کہ حکمراں عام آدمی پارٹی نے دلی کے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10سال کے دور اقتدار میں اُس نے شہر کو صرف بدعنوانی، کوڑا کرکٹ اور آلودہ پانی دیا ہے۔
اِس دوران عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے آدرش نگر حلقے میں ایک روڈ شو کیا۔ پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال بھی آج دوپہر ایک عوامی جلسہ اور روڈ شو کریں گے۔ وہیں دلی کانگریس کے سربراہ دیویندر یادو نے چناؤ جیتنے کے بارے میں اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں لوگوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا ہے۔ جناب یادو نے کہا کہ 15 سال کے دور اقتدار میں 100یونٹ بجلی مفت دی گئی، بچوں کو اسکالر شپ فراہم کی گئیں اور بزرگوں کو پنشن کی دی گئیں۔ 70 رکنی دلی اسمبلی کے لیے کل 699 امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ ووٹنگ بدھ کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی ہفتے کو کی جائے گی۔