ستر(70) ممبران پر مشتمل دلّی اسمبلی کیلئے انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اہم سیاسی پارٹیوں کے رہنما اپنے اپنے پارٹی امیدواروں کیلئے ووٹ حاصل کرنے کی غرض سے عوامی جلسے، روڈ شوز اور ریلیاں کر رہے ہیں۔ سینئر BJP لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج روہنی اور وزیرپور علاقوں میں عوامی میٹنگوں سے خطاب کیا۔ جناب شاہ نے وعدہ کیا کہ اگر BJP اقتدار میں آتی ہے تو شہر کی خواتین کو ڈھائی ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سبھی حاملہ خواتین کو 21 ہزار روپئے ملیں گے اور دلّی کے شہریوں کو 500 روپئے میں LPG سلینڈر فراہم کئے جائیں گے۔ جناب شاہ نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال کو، الیکشن جیتنے کیلئے یمنا ندی کو زہرآلود کرنے سے متعلق مبینہ الزامات کا بھی قصوروار قرار دیا۔ انھوں نے شہر میں صفائی ستھرائی کے معاملے پر بھی جناب کجریوال سے سوال کیا۔
کرشنا نگر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے BJP صدر جے پی نڈّا نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی نے پچھلے دس سالوں میں افراتفری پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی نے مرکزی سرکار کی کسی بھی اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھایا اور دلّی کے عوام کو گمراہ کیا۔
سینئر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے یمنا ندی میں آلودگی، مبینہ شراب گھوٹالہ سمیت کئی معاملوں پر جناب کجریوال کی نکتہ چینی کی۔ بادلی علاقے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جناب گاندھی نے عآپ کنوینر پر اپنے دورِ اقتدار میں بدعنوانی میں ملوث ہونے کا بھی الزام لگایا۔
اِسی دوران عآپ کنوینر اروند کجریوال نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی BJP کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ اسمبلی انتخابات میں اُن کی پارٹی کو ہرایا جائے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کانگریس ورکروں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کیلئے ووٹ نہ کریں اور دعویٰ کیا کہ کانگریس، BJP کے ساتھ مل کر کام کر رہی۔
سینئر عآپ لیڈر اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے بھی دلّی میں کئی عوامی جلسوں سے خطاب کیا اور روڈ شو کئے۔ Amritpuri علاقے میں پارٹی امیدوار اور دلّی کی وزیراعلیٰ آتشی کے ساتھ اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب مان نے کہا کہ عآپ نے انتخابات کے دوران کئے گئے سارے وعدے پورے کئے ہیں۔انھوں نے مفت بجلی، مفت پانی اور اسکول اور اسپتالوں کے بہتر بنیادی ڈھانچے کی بھی مثالیں پیش کیں۔ BJP، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے دوسرے کئی اہم رہنما، شہر کے مختلف علاقوں میں سرگرم انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
Site Admin | January 30, 2025 9:46 PM
دلّی میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے اور سیاسی پارٹیوں کے اعلیٰ رہنما کئی کئی ریلیاں اور روڈ شو کر رہے ہیں
