دلّی اسمبلی انتخابات کے لیے چناؤ مہم کل ختم ہو رہی ہے۔ ایسے میں سیاسی پارٹیاں ووٹروں کو راغب کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ 70 رکنی دلّی اسمبلی چناؤ کے لیے آئندہ بدھ کے روز ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی اس مہینے کی 8 تاریخ کو کی جائے گی۔
سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ رہنماء اپنے اپنے امیدواروں کے لیے حمایت حاصل کرنے کی خاطر لگاتار ریلیاں اور روڈ شوز کر رہے ہیں۔ BJP کے سینئر لیڈر اور وزیر اعظم نریندر مودی آج سہ پہر آر-کے پورم میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ پارٹی کے رہنما اور مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ، راجیندر نگر اور لکشمی نگر میں ریلیاں کریں گے۔ BJP کے سینئر لیڈر اور وزیر داخلہ امت شاہ نے کل دلّی میں مختلف ریلیاں کیں۔
جناب شاہ نے عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اُن پر انّا ہزارے تحریک کے دوران کوئی سیاسی پارٹی تشکیل نہ کرنے کا وعدہ کر کے دلّی کے لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کی سرکار کی بھی تنقید کی اور سرکار پر ہزاروں کروڑ روپے کے گھپلوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ اِن گھپلوں میں شراب پالیسی گھپلے اور جل بورڈ گھپلے شامل ہیں۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پُشکر سنگھ دھامی نے بھی کل دُوارکا میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ کانگریس کے رہنما اجے ماکن آج قومی راجدھانی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے صدر بازار میں ایک عوامی جلسے میں دعویٰ کیا کہ ملک دو نظریات کے درمیان مقابلے کا مشاہدہ کر رہا ہے۔
ایک طرف نفرت اور تشدد کا نظریہ ہے جبکہ دوسری طرف محبت اور بھائی چارہ کا نظریہ ہے۔ انہوں نے آئین کی حفاظت کرنے کے کانگریس کے عزم کو دوہرایا۔ کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے چاندی چوک میں ایک چناؤ ریلی کی، جس میں انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی شیلا دکشت کے خلاف غیر تصدیق شدہ بدعنوانی کے الزامات کے لیے عام پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال نے کئی عوامی جلسوں سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے دلّی کے اسکولوں، اسپتالوں اور عوامی خدمات کے مراکز میں اپنی سرکار کے ذریعے لائی گئی بہتری کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اگر BJP اقتدار میں آتی ہے تو دلّی کے لوگوں کے ماہانہ اخراجات بڑھ جائیں گے۔ ×