دلّی اسمبلی انتخابات کیلئے چناؤ مہم اب اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے جس کے ختم ہونے میں محض ایک دن رہ گئے ہیں۔BJP، عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے رہنما اور سرکردہ شخصیتیں، ووٹروں کو اپنی اپنی طرف راغب کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہی ہیں۔ یہ لوگ پورے شہر میں روڈ شو، گھر گھر جاکر مہم اور عوامی جلسوں کا اہتمام کر رہے ہیں۔
سینئر بی جے پی رہنما اور وزیر اعظم نریندر مودی نے آج الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی، بوکھلاہٹ کی وجہ سے، ہر گھنٹے نئی پالیسیوں کا اعلان کر رہی ہے۔ RK پورم میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے دعویٰ کیا کہ عام آدمی پارٹی اتنی گھبرائی ہوئی ہے کہ وہ جھوٹے اعلانات کر رہی ہے۔انھوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ پارٹی نے پچھلے 11 سال، برباد کئے ہیں اور اُس نے کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیا۔BJP رہنما اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے، دلّی میں پارٹی چناؤ مہم کے دوران عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کجریوال پر نکتہ چینی کی کہ وہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں انقلاب لانے کے بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں۔BJP رہنما اور ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ جناب کجریوال نے، یمنا کو پانچ سال کے اندر اندر صاف ستھرا بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ اِسے پورا کرنے میں نااہل رہے۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے بھی دلّی میں BJP کیلئے چناؤ مہم انجام دی۔اِسی دوران، عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کجریوال نے، اعلیٰ انتخابی کمشنر کو خط لکھا ہے جس میں انھوں نے BJP کارکنوں اور دلّی پولیس کے افسران کے خلاف، اِس الزام کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ انھوں نے ان کے پارٹی کارکنوں پر حملہ کیا ہے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جناب کجریوال نے دعویٰ کیا کہ BJP کارکن، نئی دلّی اسمبلی حلقے میں عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کو ڈرا دھمکا رہے اور حراساں کر رہے ہیں۔
دوسری طرف آج دلّی کے اعلیٰ انتخابی افسر نے کہا ہے کہ BJP کارکنوں کے خلاف الزامات کے زیادہ تر معاملوں میں ایسی کوئی تحریری شکایات نہیں ملی ہیں کہ انھوں نے نئی دلّی اسمبلی حلقے میں عام آدمی پارٹی کے رضاکاروں کو ڈرایا دھمکایا اور حراساں کیا ہے۔
سینئر کانگریس رہنما راہل گاندھی نے حوض قاضی پر ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ نظریات کی لڑائی ہے اور کانگریس، آئین کی حفاظت کیلئے لڑ رہی ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ RSS اور BJP، آئین کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ عام آدمی پارٹی اور BJP نے اب اچانک خواتین کے معاملات پر توجہ دینی شروع کردی ہے کیونکہ انتخابات قریب آرہے ہیں۔ انھوں نے الزام لگایا کہ پچھلے دس سال میں، خواتین کی حفاظت کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔ انھوں نے BJP اور عام آدمی پارٹی، دونوں پر بدعنوانی کا الزام لگایا۔70 رکنی دلّی اسمبلی کے انتخابات بدھ کو کرائے جائیں گے اور ووٹوں کی گنتی ہفتے کو ہوگی۔
Site Admin | February 2, 2025 9:37 PM
دلّی اسمبلی انتخابات کی چناؤ مہم کا اب محض ایک دن باقی رہ گیا ہے اور سیاسی رہنما، ووٹروں کو لبھانے کی آخری کوششوں میں سرگرم ہیں۔ ووٹنگ بدھ کو ہوگی
