ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

January 7, 2025 9:31 PM

printer

دلّی اسمبلی انتخابات ایک ہی مرحلے میں 5 فروری کو ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی آٹھ تاریخ کو ہوگی

دلّی میں اسمبلی انتخابات 5 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو کی جائے گی۔ انتخابی کمیشن نے آج 70 ارکان والی دلّی اسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخوں کا اعلان کیا۔
نئی دلّی میں آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعلیٰ انتخابی کمشنر راجیو کمار نے بتایا کہ نوٹیفکیشن اِس ماہ کی 10 تاریخ کو جاری کیا جائے گا۔
اعلیٰ انتخابی کمشنر نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں گڑبڑ کرنے، شام پانچ بجے کے بعد ووٹروں کی تعداد بڑھانے اور گنتی کے عمل کو سست کرنے کے الزامات کی تردید کی۔ انھوں نے ایک بار پھر کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں نقص سے پاک آلات ہیں اور ووٹروں کی تعداد سے متعلق اعداد وشمار کو تبدیل کرنا ناممکن ہے۔ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی ضابطہئ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔
دلّی میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں لڑنے والے امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ایک کروڑ 55 لاکھ ووٹرس کریں گے۔ کُل ووٹروں میں 83 لاکھ مرد ووٹر ہیں، 71 لاکھ خواتین ووٹرز ہیں اور ایک ہزار 200 تیسری جنس سے تعلق رکھتے ہیں۔ قومی راجدھانی میں ایک لاکھ سے زیادہ ووٹروں کی عمر 85 برس یا اُس سے زیادہ ہے۔
انتخابات میں دولت کی طاقت کے استعمال کی روک تھام کیلئے قومی شاہراہوں اور ریل کے روٹس پر اہم چوکیوں پر 24 گھنٹے CCTV سے نگرانی کی جائے گی۔ تمام پارٹیوں کے ہیلی کاپٹروں، چناؤ مہم چلانے والے اہم لیڈروں کی بھی چیکنگ ہوگی۔ موجودہ اسمبلی کی مدت اگلے ماہ کی 23 تاریخ کو ختم ہوجائے گی۔2020 کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 62 سیٹیں جیتی تھیں، BJPکو آٹھ سیٹیں ملی تھیں اور کانگریس اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائی تھی۔
انتخابی کمیشن نے اترپردیش کے مِلکی پور اور تمل ناڈو کے Erode (ایسٹ) کے دو اسمبلی حلقوں کیلئے ضمنی انتخابات کا بھی اعلان کیا ہے۔
انتخابات کی تاریخوں کے اعلان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے BJP کے صدر اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈّا نے سوشل میڈیا کے ایک پلیٹ فارم پر کہا ہے کہ انتخابات ایک وسیلہ ہیں جو ملک کو ترقی کی راہ پر بڑھتے رہنے اور بہتر حکمرانی کی جانب گامزن رکھتے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے دلّی BJP کے صدر وریندر سچدیوا نے کہا کہ قومی راجدھانی میں 5 فروری کو ووٹر ایک نئی، خوشحال اور خوبصورت دلّی کو شکل وصورت دینے کے عمل میں حصہ لیں گے۔
دلّی کانگریس کے صدر دویندر یادو نے کہا کہ دلّی کے عوام، تبدیلی کیلئے ووٹ کریں گے کیونکہ عام آدمی پارٹی کی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا نے امید ظاہر کی ہے کہ ووٹر اُن کا پارٹی کا انتخاب کریں گے تاکہ وہ حکومت بنا سکیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں