August 12, 2024 9:39 PM

printer

خارجہ سکریٹری وِکرم مِسری نے نیپال کے وزیر خارجہ کے ساتھ باہمی مفاد کے باہمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا

بھارت کے خارجہ سکریٹری جناب وِکرم مِسری نے نیپال کی خارجہ سکریٹری محترمہ Sewa Lamsal کی دعوت پر 11 سے 12 اگست 2024 تک نیپال کا سرکاری دورہ کیا۔ یہ خارجہ سکریٹری کا گذشتہ مہینے عہدہ سنبھالنے کے بعد نیپال کا پہلا دورہ تھا۔ خارجہ سکریٹری نے اپنے ہم منصب نیپال کے خارجہ سکریٹری سے آج ملاقات کی۔ اُن کے وسیع تبادلہئ خیال میں بھارت اور نیپال کے درمیان کثیر جہتی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں خارجہ سکریٹریوں نے مختلف باہمی اقدامات اور ترقیاتی پروجیکٹوں میں کی گئی پیشرفت کا جائزہ لیا نیز مزید تعاون کیلئے مواقعوں پر تبادلہئ خیال کیا۔ نیپال کی خارجہ سکریٹری نے دورے پر آئے وفد کیلئے ایک ظہرانے کی میزبانی بھی کی۔
خارجہ سکریٹری نے نیپال کے صدر رام چندر Paudel اور نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اُولی سے کَل ملاقات کی۔ انھوں نے اُنہیں بھارت کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات ارسال کی اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں میں کی جارہی پیشرفت کے بارے میں بھی اُنہیں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
بھارت کے خارجہ سکریٹری وکرم مِصری نے نیپال کے خارجی امور کے وزیر ڈاکٹر Arzu Rana Deuba سے خیرسگالی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں نے دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں اور معاشی اور ترقیاتی اشتراک پروجیکٹوں سمیت مختلف معاملات پر بات چیت کی۔
ڈاکٹر Deuba نے ججر کوٹ زلزلہ متاثرین افراد کی مدد اور بچاؤ کارروائیوں کیلئے بھارتی حکومت کے تئیں اظہارِ تشکر کیا۔
نیپال کے اپنے سرکاری دورے کے دوسرے اور آخری دن خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے نائب وزیر اعظم اور شہری ترقیات کے وزیر پرکاش مان سنگھ سے بھی خیرسگالی ملاقات کی۔
اِس دوران انہوں نے شہری ترقیات، کچرے کو ٹھکانے لگانے، باگمتی اور بِشنومتی ندیوں کی صفائی اور بازیابی اور دیگر صفائی ستھرائی سے متعلق معاملات پر بات چیت کی۔ دونوں نے اِن معاملات سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان اشتراک کے امکانات پر بھی تبادلہئ خیال کیا۔ بھارت کے سووچھ بھارت ابھیان اور گنگا ندی کی صفائی کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے نیپال کے نائب وزیر اعظم سنگھ نے کہا کہ اِن معاملات میں بھارت کا ٹیکنالوجی کے استعمال کا تجربہ، نیپال کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ وہیں خارجہ سکریٹری وکرم مِصری نے کہا کہ بھارت، امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کیلئے ہمیشہ نیپال کے ساتھ ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں