زراعت کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ حکومت کھیتوں سے ہی فروخت ہونے والی زرعی فصلوں کی قیمتوں اور باغبانی پیداوار کی خردہ قیمتوں کے درمیان فرق کو دور کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کرے گی۔
نئی دلی میں ایک زرعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ کسان 5 روپے کلو سبزیاں فروخت کرتے ہیں جبکہ صارفین اس کے لئے 50 روپے ادا کرتے ہیں۔ لہٰذا اِس فرق کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ جناب چوہان نے اگلے ماہ ’کرشی چوپال‘ شروع کرنے کے منصوبوں کی بھی نقاب کشائی کی۔ یہ ایک ایسی پہل ہے جس کا مقصد زرعی تحقیق میں لیب سے زمین تک کی خلیج کو پُر کرنا ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں 730 سے زیادہ کرشی وگیان کیندروں (KVKs) کے کام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جس میں زرعی تحقیق سے متعلق بھارتی کونسل ICAR، یونیورسٹیوں اور ریاستی حکومتوں سمیت مختلف حکام کے تحت بکھرے ہوئے انتظام کے بارے میں خدشات کو اجاگر کیا گیا۔ وزیر موصوف نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ 2 سے ڈھائی ایکڑ پر محیط ماڈل فارم تیار کریں تاکہ زراعت میں بہترین طور طریقوں کا مظاہرہ کیا جاسکے۔جناب چوہان نے کہا کہ زراعت بھارت کی اقتصادیات کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس شعبے کو مضبوط کیے بغیر کوئی ترقی ممکن نہیں ہے۔