پارلیمنٹ کا موسم سرما کا اجلاس کل سے شروع ہوگا۔ یہ اجلاس 20 دسمبر تک جاری رہے گا۔ البتہ منگل کو یومِ آئین کی تقریب کے سبب، پارلیمنٹ کی نشست نہیں ہوگی۔حکومت نے اجلاس سے پہلے آج نئی دلّی میں ایک کُل جماعتی میٹنگ بلائی تھی۔ میٹنگ کی صدارت وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کی۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، موسم سرما کے اجلاس کے دوران کسی بھی معاملے پر بحث کیلئے تیار ہے۔ انھوں نے اپوزیشن پارٹیوں سے زور دے کر کہا کہ وہ اجلاس کے دوران، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی خوش اسلوبی سے جاری رہنے کو یقینی بنائیں۔
کانگریس ممبر پارلیمنٹ پرمود تیواری نے کہا کہ پارٹی ایک صنعتکار کے رشوت کے مبینہ معاملے، منی پور کی صورتحال اور شمالی بھارت میں بے روزگاری اور آلودگی کے معاملات پر بحث مباحثہ چاہتی ہے۔
پارلیمنٹ کے موسم سرما کے اجلاس سے پہلے، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلانے آکاشوانی نیوز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے، ارکان پرزوردیاہے کہ وہ آئین ساز اسمبلی کے بحث مباحثے سے تحریک حاصل کرتے ہوئے، ایوان میں پارلیمنٹ کے آداب اور سلیقے کو برقرار رکھیں۔ انھوں نے ارکان سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ میں، اعلیٰ ترین آداب قائم کریں۔
ریزرویشن کے معاملے پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا نظریہ، ہمیشہ یہ رہا ہے کہ ریزرویشن، سماج کے محروم اور غریب طبقے کیلئے درکار ہے۔
یہ انٹرویو آکاشوانی نیوز کے ’سرخیوں میں‘ پروگرام کے تحت کَل شام 7 بجکر 10 منٹ سے، سو اعشاریہ ایک، ایف ایم گولڈ پر سنا جاسکتا ہے۔