مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے آج کہا کہ وقف ترمیمی بل کا مقصد کسی کی جائیداد کو ضبط کرنا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بل کا مقصد انصاف کو یقینی بنانا ہے۔ پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جناب جوشی نے اپوزیشن پر بل سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ دنیش شرما نے بھی بل کا دفاع کیا اور الزام لگایا کہ بل کی مخالفت کرنے والے آئین کے خلاف جا رہے ہیں۔ اس دوران سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے آج بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ وقف ترمیمی بل کے تعلق سے ایک مخصوص اقلیتی گروپ کو گمراہ کر رہی ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جناب یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی اس بل کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چاہے جی ایس ٹی ہو، نوٹ بندی ہو یا دیگر فیصلے، بی جے پی کے اقدامات کا مقصد لوگوں سے مسلسل کچھ چھیننا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اُجول رَمن نے کہا کہ وقف ترمیمی بل پر تفصیلی بحث ہونی چاہئے اور اسے جلد بازی میں پاس نہیں کیا جانا چاہئے۔