وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت نے ٹیکنالوجی اور بہتر حکمرانی کی طاقت سے گاؤوں کو بااختیار بنایا ہے۔ جناب مودی نے یہ بات MyGov انڈیا سوشل میڈیا پوسٹ مشترک کرنے کے بعد کہی۔ اِس پوسٹ میں اجاگر کیا گیا ہے کہ کس طرح گاؤوں میں اراضی کے ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھارت میں زراعت کے مستقبل کو ازسرِ نو تشکیل دے رہا ہے۔ اِس پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اِس انقلابی قدم نے دیہی برادریوں کیلئے شفافیت اور رسائی میں اضافہ کیا ہے اور انہیں بااختیار بنایا ہے۔ اِس سے زمین سے متعلق تنازعات کو کم کرنے نیز زمین کے بندوبست کو بہتر بنانے میں مدد فراہم ہوئی ہے۔
اِس میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل نے دیہی شہریوں کیلئے زمین کی ملکیت اور حقوق کے دعویٰ کرنے کو آسان بنا دیا ہے۔ اِس طرح کاشت کاری کا مستقبل از سرِ نو تشکیل پارہا ہے۔