حکومت نے آج نئی دلی میں بال وِواہ مُکت بھارت کے لیے قومی مہم کا آغاز کیا۔ اِس پروگرام کا بنیادی مقصد بھارت کو بچپن کی شادی سے پاک ملک بنانا ہے۔ مہم کا آغاز کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزیر انّ پورنا دیوی نے کہا کہ حکومت نے ایسے 130 اضلاع کی نشاندہی کی ہے، جہاں اس مہم کو چلانے پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انھوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ بچپن کی شادی نہ صرف قانون کے لحاظ سے ایک جرم ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ بال وِواہ مکت بھارت مہم صرف دس یا 15 دن کی مہم نہیں ہے بلکہ یہ تب تک جاری رہے گی جب تک کہ بھارت بچپن کی شادی کی برائی سے پاک نہ کردیا جائے۔
پروگرام کے دوران خواتین اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزیر انّ پورنا دیوی نے چائلڈ میرج فری بھارت پورٹل کی بھی نقاب کشائی کی۔ یہ آن لائن پلیٹ فارم مہم کے سلسلے میں چلائے جانے والے مشن کے لئے بیداری پیدا کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے، جس سے بچپن کی شادی کو روکا جاسکے گا اور بچپن کی شادی کے واقعات کو مؤثر انداز میں درج کیا جاسکے گا۔x