آج حکومت اور اپوزیشن پارٹیاں جاری سرمائی اجلاس کی کارروائی کو بلارکاوٹ انجام دینے کو یقینی بنانے سے متعلق ایک باہمی اتفاقِ رائے پر پہنچے۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج دوپہر پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران جناب برلا نے تمام اراکین سے اپیل کی کہ وہ ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے انجام دیئے جانے میں تعاون کریں۔ لیڈروں نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور اس ضمن میں اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ بعد میں، پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے کہا کہ لوک سبھا میں آئین اپنائے جانے کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اس ماہ کی 13 اور 14 تاریخ کو ایک خصوصی بحث کا انعقاد کیا جائے گا۔
راجیہ سبھا میں یہ بحث 16 اور 17 دسمبر کو منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں موجود رہنماؤں نے پارلیمنٹ کے ایوانوں کی کارروائی بلارکاوٹ انجام دینے کیلئے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اپوزیشن و دیگر مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں سے ایک بار پھر سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلنے دیں۔
Site Admin | December 2, 2024 9:48 PM