وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہاہے کہ حالیہ برسوں میں مصر کے ساتھ بھارت کے دیرینہ تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ نئی دلّی میں مصر کے قومی دن کی تقریبات کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے کہاکہ معاشی تعاون میں بتدریج تنوع پیدا ہوا ہے۔ دونوں فریق آپسی فائدے کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دوا سازی، الیکٹرانک اور ماحول کیلئے سازگار توانائی پر توجہ دیتے ہوئے 50 سے زیادہ بھارتی کمپنیوں نے مصر کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پہلے ہی سرمایہ کاری کی ہے۔ ڈاکٹر جے شنکر نے اِس بات کو بھی اجاگر کیا کہ بھارت کی آئی ٹی صنعت شراکت داری قائم کر رہی ہے جس سے امکان ہے مستقبل میں ترقی دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ مصر نے بھی زرعی برآمدات کیلئے ایک مارکیٹ کھولی ہے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے مزید کہاکہ اِس مدت کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2021 کے بعد سے دونوں ملکوں کی فضائیہ نے دوطرفہ اور وسیع فارمیٹ میں مستقل مشقیں کی ہیں۔