راجستھان میں جے پور – اجمیر ہائی وے پر ایک گیس ٹینکر میں آگ لگنے کے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے۔ اِس حادثے میں 30 افراد زخمی ہوئے ہیں جو آج صبح تقریباً 6 بجے اُس وقت پیش آیا جب اجمیر ہائی وے پر رِنگ روڈ کے قریب ایک گیس ٹینکر ایک ٹرک سے جا ٹکرایا، جس کے باعث بھیانک آگ لگ گئی جس میں قرب و جوار کی بہت سی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں 40 گاڑیاں تباہ ہو گئیں، جن میں 29 ٹرک اور 2 سلیپر بسیں شامل ہیں۔ ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ حادثے میں زخمی ہوئے افراد کا علاج SMS اسپتال میں جاری ہے۔
وزیراعلیٰ بھجن لال شرما فوری طور پر اسپتال پہنچے اور انھوں نے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اُن سے بات کی اور مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔
جے پور پولیس کی جانب سے حادثے سے متاثر ہونے والوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں، جو یہ ہیں:
نو ایک چھ چھ تین چار سات پانچ پانچ ایک
آٹھ سات چھ چار آٹھ چھ آٹھ چار تین ایک
اور
سات تین صفر صفر تین چھ تین چھ تین چھ
سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے فوت ہونے والوں میں سے ہر ایک کے قریب ترین رشتے دار کو وزیراعظم کے قومی راحت فنڈ سے دو-دولاکھ روپے کی نقد رقم دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ زخمیوں میں سے ہر ایک کو پچاس-پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔×