جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلے کے اسمبلی انتخابات کیلئے نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔ اِس مرحلے کے تحت 20 نومبر کو 38 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 29 اکتوبر ہے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 30 اکتوبر کو کی جائے گی۔ امیدواروں کے ذریعے نام واپس لینے کی آخری تاریخ یکم نومبر ہے۔ جھارکھنڈ میں دو مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں۔ پہلے مرحلے کے اسمبلی انتخابات 13 نومبر کو جبکہ دوسرے مرحلے کے انتخابات 20 نومبر کو ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو کی جائے گی۔ اِسی دوران پہلے مرحلے کے چناؤ کیلئے پرچے بھرنے کاعمل جاری ہے۔ اب تک 25 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ اِس مرحلے کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 اکتوبر ہے۔
اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد سے ریاست کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائی کے دوران غیرقانونی مواد کے علاوہ 7کروڑ 72 لاکھ روپے سے زیادہ کی نقدی ضبط کی جاچکی ہے۔ مثالی ضابطہ عمل کی خلاف ورزی کیلئے 6 ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔