جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے چناؤ مہم آج شام ختم ہوگئی۔ پہلے مرحلے میں بدھ کو 43 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ NDA اور آئی این ڈی آئی اے بلاک کے سرکردہ رہنما اپنے اپنے پارٹی امیدواروں کے حق میں ووٹروں کو راغب کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ اِس مرحلے کی مہم کے دوران 200 سے زیادہ ریلیاں کی گئی ہیں۔ BJP کے اعلیٰ رہنما اور وزیر اعظم نریندرمودی نے آج ”میرا بوتھ سب سے مضبوط“ مہم کے تحت جھارکھنڈ میں BJP ورکروں سے بات چیت کی۔
اسی دوران پولنگ ٹیمیں آج سے اپنے اپنے اسٹیشنوں کیلئے روانہ ہورہی ہیں۔ چیف انتخابی افسر K Ravi Kumar نے کہا ہے کہ پولنگ پارٹیوں کو مغربی سنگھ بھوم، لاتیہار، لوہار گاڑا، گڑھوا اور گُملا جیسے حساس اضلاع میں 225 پولنگ اسٹیشن پر بھیج دیا گیا ہے۔ پولنگ اہلکاروں کو بحفاظت پہنچانے کیلئے فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جارہا ہے۔ جھارکھنڈ کے چیف انتخابی افسر نے مثالی ضابطہئ اخلاق کی خلاف ورزی کی پاداش میں اَنڈر سکریٹری سنجے کمار سری واستو کو معطل کردیا ہے۔
گیارہ ریاستوں میں 33 اسمبلی حلقوں اور کیرالہ کی وائیناڈ پارلیمنٹ کی نشست کے ضمنی انتخابات کیلئے انتخابی مہم آج ختم ہوگئی۔ راجستھان میں سات سیٹوں، مغربی بنگال میں چھ، آسام میں پانچ، بہار میں چار، کرناٹک میں تین سیٹوں اور مدھیہ پردیش اور سکم میں ایک ایک سیٹ پر ضمنی انتخابات بدھ کے روز ہوں گے۔ اس کے علاوہ کیرالہ، چھتیس گڑھ، گجرات اور میگھالیہ میں ایک ایک سیٹ پر بھی اسمبلی ضمنی انتخابات ہوں گے۔ اترپردیش میں 9 سیٹوں، پنجاب میں 4 اور کیرالہ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک سیٹ سمیت 15 اسمبلی حلقوں کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کی ناندیڑ پارلیمانی حلقے میں بھی ضمنی انتخاب کیلئے ووٹنگ 20 نومبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو کی جائے گی۔BJP نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف کارروائی کرے اور الزام لگایا ہے کہ راہل گاندھی نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں جھوٹ پھیلانے کی ایک بار پھر کوشش کی ہے۔ حکمراں پارٹی نے پچھلے ہفتے ممبئی میں، اُن کے ایک خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے انتخابی کمیشن سے کہا ہے کہ وہ مثالی ضابطہئ اخلاق کی خلاف ورزی کیلئے کانگریس ایم پی کے خلاف کارروائی کرے۔ سینئر پارٹی لیڈر ارجن رام میگھوال کی قیادت میں BJP کے ایک وفد نے اِس سلسلے میں آج چیف انتخابی کمشنر سے ملاقات کی اور کانگریس لیڈر کے خلاف ایک FIR درج کرنے کی اپیل کی۔
Site Admin | November 11, 2024 10:12 PM