جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل آج ختم ہوجائے گا۔ اِس مرحلے کے تحت 13 نومبر کو 43 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 28 اکتوبر کو ہوگی جبکہ اِس مہینے کی 30 تاریخ تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ اِس دوران انتخابی کمیشن نے ریاست میں پولنگ کے پہلے مرحلے کے تناظر میں رائے دہندگان کو ووٹر سلپ تقسیم کرنا شروع کردیا ہے۔
اعلیٰ انتخابی افسر کے روی کمار نے کہا ہے کہ یہ سلپس پانچ نومبر تک تقسیم کی جائیں گی۔ جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ دو مرحلوں میں ہوگی۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے واحد مرحلے کی پولنگ کے ساتھ ساتھ 20 نومبر کو ہوگی۔
مہاراشٹر میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی NCP نے اسمبلی انتخابات کے لیے 7 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کردی ہے۔
پارٹی نے باندرہ ایسٹ حلقے سے مرحوم بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ سابق ممبرپارلیمنٹ پرتاپ راؤ چکھلیکر، لوہا سے انتخاب لڑیں گے۔ یہ دونوں ہی رہنما آج صبح NCP میں شامل ہوئے ہیں۔
مختلف ریاستوں میں 47 اسمبلی حلقوں اور کیرالہ میں وائناڈ پارلیمانی سیٹ کے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی بھی آج آخری تاریخ ہے۔
اِن سیٹوں کے لیے ووٹنگ اگلے مہینے کی 13 تاریخ کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو کی جائے گی۔