جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے رہنما ہیمنت سورین کو آج جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف دلایا جائے گا۔ گورنر سنتوش کمار گنگوار شام چار بجے، رانچی کے Morhabadi میدان میں منعقدہ ایک تقریب میں جناب سورین کو عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔ رانچی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ہیمنت سورین نے کہا کہ انھوں نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی اور امت شاہ کے علاوہ INDIA بلاک کے لیڈروں کو مدعو کیا ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ حلف برداری کی تقریب کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔
ہیمنت سورین آج چوتھی مرتبہ جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور دلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش پرساد یادو اور RJD کے سینئر رہنما تیجسوی یادو بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔
توقع ہے کہ میگھالیہ کے وزیراعلیٰ Conrad Sangma، پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان اور ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ سُکھویندر سنگھ Sukhu بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ گاڑیوں کی بھیڑ بھاڑ سے بچنے کے لیے آج رانچی میں تمام اسکول بند رہیں گے۔