جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے اور مہاراشٹر میں واحد مرحلے کی پولنگ کے لئے چناؤ مہم ختم ہونے میں اب جبکہ محض ایک دن باقی بچا ہے، مختلف سیاسی جماعتوں کے اعلی رہنما ووٹروں کا دل جیتنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔ اِن دونوں ریاستوں میں 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مہاراشٹر میں 288 سیٹوں کیلئے چار ہزار 136 امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ چناؤ مہم میں حصہ لینے والے رہنماؤں میں وزیراعلی ایکناتھ شندے، مرکزی وزراء نتین گڈکری اور شیوراج سنگھ چوہان، کانگریس رہنما پرینکا گاندھی، آندھرا پردیش کے نائب وزیراعلی پون کلیان، بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی وغیرہ شامل ہیں۔ دُھولے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی شندے نے کہا کہ مہاراشٹر میں ڈبل انجن کی سرکار ریاست کو ہمہ جہت ترقی کے راستے پر لے جارہی ہے۔
پرینکا گاندھی نے اپنی پارٹی کے امیدوار کے لئے ناگپور میں Mahal علاقے میں ایک روڈ شو کیا۔
اس سے پہلے گڈچرولی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریزرویشن کی حد 50 فیصد سے نہ بڑھانے اور ذات پر مبنی مردم شماری کی منظوری نہ دینے کیلئے وزیراعظم نریندرمودی کی نکتہ چینی کی۔
کانگریس کے قومی صدر ملکا ارجن کھڑگے نے ناگپور میں Umred کے مقام پر ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ NCP SP کے سربراہ شردپوار نے شولاپور میں ایک ریلی کی جبکہ شیوسینا UBT کے سربراہ نے ستارہ کے Patan میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کیا۔ ناسک میں سَٹانا کے مقام پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ این ڈی اے سرکار نے گزشتہ دس برس میں سماج کے مختلف طبقوں کی فلاح وبہبود کیلئے مختلف نئی اسکیمیں اور پروگرام نافذ کئے ہیں۔ بی جے پی کے سینئر رہنما اور نائب وزیراعلی دویندر فڑنویس نے ناگپور میں ایک بڑا روڈ شو کیا۔
اُدھر جھارکھنڈ میں بھی مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنما ووٹروں کو راغب کرنے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔ چناؤ مہم کل شام ختم ہوجائے گی۔ ریاست میں دوسرے اور آخری مرحلے کے چناؤ میں 38 سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے بُوکارو اور دھنباد میں چناؤ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے رہنما اور وزیراعلی ہیمنت سورین پر بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور بدنظمی کا الزام لگایا۔
ہیمنتا بسوا سرما اور چمپئی سورین سمیت بی جے پی کے کئی دیگر رہنما بھی این ڈی اے کے امیدواروں کی حمایت میں چناؤ جلسوں سے خطاب کررہے ہیں۔ دوسری جانب جے ایم ایم کے سینئر رہنما اور وزیراعلی ہیمنت سورین نے دُمکا میں ایک چناؤ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ اُن کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کا بیجا استعمال کررہی ہے۔
کانگریس، آرجے ڈی، اے جے ایس یو پارٹی اور بائیں بازوں کی پارٹیوں کے رہنما بھی جھارکھنڈ کے مختلف حصوں میں ریلیاں اور روڈ شو کررہے ہیں۔ 15 اسمبلی حلقوں میں ضمنی چناؤ کیلئے بھی چناؤ مہم زور وشور سے جاری ہے۔ اِن میں اترپردیش میں 9 سیٹیں، پنجاب میں چار اور کیرالہ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک سیٹ شامل ہیں۔ مہاراشٹر کے ناندیڑ پارلیمانی حلقے میں بھی 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ جھارکھنڈ اور مہاراشٹر اسمبلی اور ضمنی چناؤ کے ووٹوں کی گنتی اِس مہینے کی 23 تاریخ کو ہوگی۔
Site Admin | November 17, 2024 9:36 PM