جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم ختم ہونے میں اب جبکہ محض ایک دن باقی بچا ہے، مختلف سیاسی پارٹیوں کے اعلیٰ رہنما اپنے اپنے امیدواروں کیلئے حمایت حاصل کرنے کی غرض سے بھر پور کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم اور BJP کے سینئر رہنما نریندر مودی نے آج ریاست کے گُملا اور بُکارو میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے یہ بات پھر کہی کہBJPکی قیادت والیNDA سرکار، سب کاساتھ، سب کا وکاس کیلئے عہد بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اِس راستے پر چل کر جھارکھنڈ اور بھارت، دونوں کی خاطر خواہ ترقی ہوگی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج شام رانچی میں 3 کلومیٹر طویل ایک بڑے روڈ شو میں حصہ لیا۔ یہ روڈ شو سخت حفاظتی بندوبست کے ساتھ OTC گراؤنڈ سے شروع ہوا اور Ratu Road پر نیو مارکیٹ چوک پر ختم ہوا۔
وزیر اعظم کی ایک جھلک پانے کیلئے ہزاروں لوگ سڑک کے کنارے کھڑے تھے۔ جناب مودی نے یہ کہتے ہوئے جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور کانگریس کی تنقید کی کہ اُن کے ارادے، ریاست کی ترقی سے میل نہیں کھاتے۔
JMM کے سینئر رہنما اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے رانچی میں ایک چناؤ ریلی کی۔ انہوں نے BJP پر الزام لگایا کہ وہ اُن کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کا بے جا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جھارکھنڈ کے عوام یہ سب دیکھ رہے ہیں اور آنے والے انتخابات میں BJP کو اِس کا زبردست جواب دیں گے۔
اس دوران کوڈرما میں ایک چناؤ ریلی میں RJD کے سربراہ لالو پرساد نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقی کے نام پر عوام کو گمراہ کیا ہے۔پلامو میں ایک عوامی جلسے میں LJP (R) کے صدر چراغ پاسوان نے ہیمنت سورین پر الزام لگایا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنی میعاد کے دوران جھوٹے وعدے کیے۔
کانگریس، AJSU اور بائیں بازو کی پارٹیوں کے رہنما بھی پوری ریاست میں چناؤ مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ریاست میں پہلے مرحلے کے چناؤ میں بدھ کو 43 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں اِس مہینے کی 20 تاریخ کو 38 سیٹوں کیلئے پولنگ ہوگی۔
مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کیلئے چناؤ مہم زوروں پر ہے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنما اہم معاملات پر اظہارِرائے اور ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کیلئے ریاست بھر میں ریلیوں، روڈ شو اور عوامی جلسوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ اور BJPکے سینئر رہنما امت شاہ نے آج جلگاؤں، ملکاپور اور بلدھانا میں ریلیوں سے خطاب کیا۔
انھوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن مہاوِکاس اَگھاڑی MVA اتحاد، جھوٹے وعدے کر رہا ہے۔ مرکزی وزیر اور BJPکے سینئر رہنما نتن گڈکری نے ناگپور اور یَوَت مال میں جلسوں کا انعقاد کیا۔اِس سے پہلے دن میں، جناب شاہ نے ممبئی میں BJP کا منشور جاری کیا۔دوسری طرف کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج MVA اتحاد کا منشور جاری کیا۔ NCP-SP کے سربراہ شرد پوار نے دھاراشِو، احمدنگر اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں، MVA امیدواروں کے حق میں مہم انجام دی۔شیوسینا UBT کے سربراہ اُدھوٹھاکر نے سولاپور میں ایک عوامی جلسہ کیا۔
مغربی بنگال میں چھ اسمبلی حلقوں Sitai، مداری ہاٹ، نَیہاٹی، ہرووَا، میدنی پور اور تال ڈانگرا کیلئے ضمنی انتخابات بدھ کو ہوں گے۔ انتخابی کمیشن اِن سبھی حلقوں میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے جامع اقدامات کر رہا ہے۔امن وقانون برقرار رکھنے کیلئے مرکزی دستوں کی 108 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی اور ریاستی پولیس اور تیزی سے کارروائی کرنے والی ٹیموں کا عملہ بھی تعینات کیا جائے گا۔مختلف سیاسی پارٹیوں کے امیدوار چناؤ مہم میں مصروف ہیں اور ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔