مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کیلئے جاری انتخابی مہم زور پکڑتی جارہی ہے۔ جھارکھنڈ میں دو مرحلوں میں، جبکہ مہاراشٹر میں ایک ہی مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ جھارکھنڈ میں پہلے مرحلے میں اِس مہینے کی 13 تاریخ کو اور دوسرے مرحلے میں اِس مہینے کی 20 تاریخ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مہاراشٹر میں بھی جہاں ایک ہی مرحلے میں وووٹ ڈالے جائیں گے، انتخابی مہم تیز ہوگئی ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج ناگپور اور ممبئی میں چناؤ مہم میں حصہ لیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی ریاست میں اِس مہینے کی 8 تاریخ سے 14 تاریخ تک متعدد انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
جھارکھنڈ میں این ڈی اے اور آئی این ڈی آئی اے کے رہنماؤں نے اپنی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم تیز کردی ہے۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور کانگریس پر الزام لگاتے ہوئے جھارکھنڈ بی جے پی اسمبلی کے چناؤ انچارج شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے ریاست کے عوام سے جھوٹے وعدے کرکے انہیں دھوکہ دیا ہے۔دوسری جانب جگن ناتھ پور اسمبلی حلقے کے Chota Nagra میں ایک چناؤ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جے ایم ایم کے سینئر لیڈر اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بی جے پی پر انہیں اقتدار سے ہٹانے کا الزام لگایا۔آر جے ڈی، AJSU اور CPI-ML کے رہنما بھی ریاست کے مختلف حصوں میں چناؤ ریلیوں سے خطاب کررہے ہیں۔ بی جے پی سینئر رہنما اور وزیر اعظم نریندر مودی اِس ماہ کی 10 تاریخ کو چناؤ میٹنگ سے خطاب کریں گے، جبکہ وزیر داخلہ امت شاہ اِس ماہ کی 9 تاریخ کو انتخابی ریلی کریں گے۔ سی پی آئی ایم پولٹ بیورو کی ممبر برندا کرات آج سے اِس ماہ کی 10 تاریخ تک اپنی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں چناؤ میٹنگوں سے خطاب کریں گی۔